مقالات مجلات # (2)
عنوان مقاله
سیرت رسول اللہﷺ کی اشتراکی تعبیرات: شرقاوی کی سیرت نگاری کا خصوصی مطالعہ
1۔تعارف
یہ ڈاکٹر غلام فاطمہ کا مقالہ ہے، جو اصلا ان کی پی ایچ ڈی کی تحقیق کا حصہ ہے۔ ان کی پی ایچ ڈی کا تحقیقی مقالہ مصر کی جدید سیرت نگاری پر ہے۔زیر نظر مضمون میں انہوں نے مصری ادیب اور وکیل عبد الرحمن الشرقاوی کی سیرت نگاری کا جائزہ لیا ہے۔ جنہوں نے سیرت کو اشتراكي نقطہ نظر سے اجاگر کیا ہے۔ یہ مضمون علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے کلیہ عربی و علوم اسلامیہ کے شعبہ سیرت کے مجلہ “سیرت سٹڈیز” کے شمارہ نمبر۸، جلد ۸ (۲۰۲۳) میں شائع ہوا ہے(1ڈاکٹر غلام فاطمہ،سیرت رسول اللہﷺ کی اشتراکی تعبیرات: شرقاوی کی سیرت نگاری کا خصوصی مطالعہ، در مجلہ سیرت سٹڈیز (اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی)، جد۸، ش ۸(دسمبر ۲۰۲۳))۔ اس مضمون میں مصنفہ نے ۱۹۵۲ کے مصری انقلاب کے بعد اخوان المسلمین اور جمال عبد الناصر کے درمیان مخاصمت سے پیدا شدہ حالات کا جائزہ لیا ہے۔
ابتداء میں مصنفہ نے عبدالرحمن الشرقاوی کا مختصر ذکر کرنے کے بعد ان کی سیرت نگاری کے پس منظر کو بیان کیا ہے ۔ انہوں نے لکھا ہے کہ 1952 کے فوجی انقلاب کے بعد جمال عبدالناصر اور اخوان المسلمین کے تعلقات دو سال تک اچھے رہے۔ اس کے بعد جمال عبدالناصر جب عرب اشتراکیت اور عرب قومیت کا داعی بن کر ابھرا تو اس کے اخوان المسلمین سے تعلقات خراب ہو گئے ۔ ان حالات میں اخوان المسلمین کو تعزیب و ابتلا کا سامنا کرنا پڑا اور اس کے کارکنان اور قیادت کو جیلوں میں ڈال دیا گیا ۔ جمال عبدالناصر مصری معاشرے میں تبدیلی کے لیے اشتراکی اور سیکولر افکار کو فروغ دینا چاہتا تھا جس کے لیے شرقاوی جیسے مصنفین اور دانشوروں نے خدمات فراہم کی ۔ شرقاوی نے سیرت کو اس انداز میں پیش کیا کہ وہ اشتراکی نقطہ نظر کی وضاحت کے لیے کام دے سکے۔ اس نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی جدوجہد کو معاشی لحاظ سے طاقتور اور معاشی لحاظ سے محروم طبقات کی کشمکش کے نقطہ نظر سے اجاگر کیا ۔
اس کے بعد مصنفہ نے عبدالرحمن شرقاوی کی سیرت نگاری کے منہج و اسلوب کا جائزہ ان کی کتاب “محمد رسول الحرية “ (2الشرقاوي، عبد الرحمن ، محمد رسول الحرية، (القاهرة: دار الشروق، 1990)، ص : 12)کے متن کے مطالعہ کی روشنی میں لیا ہے۔ مصنفہ نے شرقاوی کے نقطہ نظر کو واضح کرنے کے لیے کتاب سے اقتباسات بھی پیش کیے ہیں اور اس کے علاوہ انٹونی ویسلز(Antonie Vessels)(3Antonie Vessels, A Modern Arabic Biography of Muhammad Husyan Haykal’s Hayat Muhammad (Laiden: Brill,1972)) کی کتاب سے اقتباسات نقل کر کے شرقاوی کی سیرت نگاری پر روشنی ڈالی ہے ۔ مصنفہ نے لکھا ہے کہ شرقاوی کے نقطہ نظر سے رسول اللہ جب مکہ کے معاشرے کے مصائب و الام سے پریشان ہوئے تو آپ نے سیر کرنے یا شام کا سفر اختیار کرنے کا پروگرام بنایا۔ اسی طرح انہوں نے شرقاوی کے نقطہ نظر کو اجاگر کیا ہے جہاں وہ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنھا سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی شادی کو معاشرے کے دو طبقوں کو آپس میں قریب لانے کی سوچی سمجھی تدبیر قرار دیتا ہے۔
آخری پیرا گراف میں مصنفہ نے لکھا ہے کہ شرقاوی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ایک پیغمبر کی بجائے مثالی انسان کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت و رسالت سے متعلقہ پہلوؤں کو نظر انداز کیا اور آپ کی انسانی حیثیت کو اجاگر کیا ہے ۔ مضمون نگار کے نقطہ نظر سے شرقاوی نے جس مقصد کے لیے سیرت کی کتاب لکھی، اس مقصد میں وہ خاصی حد تک کامیاب دکھائی دیتے ہیں ۔ مصنفہ نے اپنے مضمون میں 30 حوالہ جات ذکر کیے ہیں جن میں زیادہ تر حوالہ جات شرقاوی کی کتاب سے ہیں اور کچھ حوالہ جات مغربی مصنفین کی کتب سے اخذ کیے گئے ہیں۔
2. Abstract
The Egyptian Revolution 1952 brought significant change in the intellectual and socio-political spheres of life of the country. The socialist’s ideas gained popularity among the liberalists, but the religious class remained cautious in accepting the socialist ideas and reforms. To create space for social reforms among the religious minded masses, the Socialist authors attempted to present the religion of Islam as a movement of social change and the Prophet Muhammad as a revolutionary leader who endeavored for social reforms. Abd al-Rahman Al-Sharqawi (d. 1987) was a well-known Egyptian socialist writer. He tried to portray the Prophet Muhammad (peace be upon him) as an exemplary human being who revolutionized the Arab society. This paper aims to analyze al-Sharqawi’s Sirah-writing Muhammad Rasul al-Huriyya (Muhammad- the Messenger of Freedom). Al-Sharqawi opined that there was a plethora of Sirah literature available regarding the life of the Prophet, his beliefs, miracles, and dogmas, whereas little attention had been paid to his human and social perspectives in Sirah-writing. Al-Sharqawi attempted to illustrate the social and humanistic values of the Prophet Muhammad -peace be upon him- and how he brought freedom and harmony to human beings irrespective of their religious or racial affiliations. The present research appraises the extent to which the author successfully composed his Sirah through the application of Socialist terminologies.
۴ ۔عبد الرحمن الشرقاوي كي كتاب سيرت “ محمد رسول الحرية” كا ڈاؤنلوڈ لنك
Link:1 | Link:2 |
حواله جات
- 1ڈاکٹر غلام فاطمہ،سیرت رسول اللہﷺ کی اشتراکی تعبیرات: شرقاوی کی سیرت نگاری کا خصوصی مطالعہ، در مجلہ سیرت سٹڈیز (اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی)، جد۸، ش ۸(دسمبر ۲۰۲۳)
- 2الشرقاوي، عبد الرحمن ، محمد رسول الحرية، (القاهرة: دار الشروق، 1990)، ص : 12
- 3Antonie Vessels, A Modern Arabic Biography of Muhammad Husyan Haykal’s Hayat Muhammad (Laiden: Brill,1972)