Posted inپی ایچ ڈی سیرت نگاری نعت رسول مقبول ﷺ
اردو نعت کا ہیئتی مطالعہ
اردو نعت کے موضوع پر متعدد محققین پی ایچ ڈی کی سطح کے مقالات تحریر کر چکے ہیں۔ اردو میں نعتیہ شاعری کے موضوع پر ڈاکٹر سید رفیع الدین اشفاق نے 1955 میں ناگپور یونیورسٹی انڈیا سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ ڈاکٹر ریاض مجید دوسرے محقق ہیں جنہوں نے اردو نعت پر ایسی ہی ڈگری حاصل کی، بعد میں مظفر عالم جاوید ، عاصی کرنالی اور محمد اسماعیل آزاد کے علاوہ بھی پاک و ہند کے کچھ زعما نے اردو نعت پر داد تحقیق دی۔ اتنے تحقیقی مقالات کے بعد اردو نعت کے موضوع پر ایک اور مقالے کی گنجائش بظاہر سوالیہ نشان ہے ، لیکن اگر غور کیا جائے تو یہ پہلو سامنے آئے گا کہ رفیع الدین اشفاق اور ریاض مجید کا موضوع اردو نعت گوئی تھا۔ شعرائے نعت کے موضوعات و اسالیب اور ان کی ادبی خدمات ان کی تحقیق کا تخصص تھا۔ ضمنا ممنوعات و مرغوبات نعت کا ذکر بھی ان کے ہاں ملتا ہے۔ اردو نعتوں کے ہیئت ی مطالعہ کا عہد با عہد جائزہ ان کے موضوع نہ تھا اور نہ ان سے اس کام کی توقع مناسب لگتی ہے۔ ڈاکٹر مظفر عالم جاوید کا دائرہ تحقیق میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے تخصیصا مولود نامہ تک محدود ہے۔ یہ نعت کے مضامین میں سے ایک اہم وقیع اور شاندار موضوع ہے ۔لیکن اس کا دائرہ اصل بھی ہیئتوں کے تفصیلی مطالعہ تک نہیں جاتا۔ ڈاکٹر آصف کرنالی کی تحقیق کا موضوع اردو حمد و نعت پر فارسی کی شعری روایت کے اثرات کی دریافت تھا، لیکن ہر ہیئت کا عہد با عہد جائزہ ان کا بھی موضوع تحقیق نہیں تھا، نیز نعت کے علاوہ چونکہ حمد بھی ان کے دائرہ تحقیق میں شامل تھی، لہذا ان کے موضوع کی الگ شناخت ظاہر ہے۔

