خلاصة سير سيد البشرﷺ۔محب الطبری 

زیر نظر کتاب "خلاصة سير سيد البشر" علامہ موصوف کی مختصر کتاب سیرت  ہے، جو سیرت اور متعلقات سیرت کے اہم مضامین کا احاطہ کرتی ہے۔ سیرت نگاری کا ایک  مقبول رجحان مختصر نگاری کا   بھی ہے ، جس میں ایک مختصر رسالہ، کتابچہ یا کسی بڑی کتاب کے ایک مختصر  باب کی صورت میں  حیات مبارکہ اور سیرت کے اہم متعلقات پر مواد پیش کیا جاتا ہے ۔ اس رجحان کی ابتدا امام بخاری ؒ (المتوفی 256 ھ) کی التاریخ الکبیر اور احمد بن ابی يعقوب ،ابن واضح(المتوفی 292ھ) کی تاریخ یعقوبی سے ہوئی۔ بعد ازاں  یہ روایت   علامہ احمدبن فارس الرازی (المتوفٰی 395) كی اوجز السير لخير البشر اور  متعدد وقیع آزاد رسائل کی صورت میں  صدیوں پر محیط سیرت کے ادب کا اہم حصہ بن گئی، جن میں المختصر الكبير فی سيرة الرسول ﷺ  ازعز الدين عبد العزيز بن بدر الدين الكنانی (المتوفٰی767ھ)، علامہ عبد الغنی بن عبد الواحد المقدسی (المتوفٰی 600 ھ) کی  مختصر سيرة النبی و أصحابہ العشرة ، مشہور صوفی امام محی الدین ابن عربی (المتوفٰی 638ھ)  کی اختصار سيرة الرسول اور  علامہ محب الدين احمد الطبری (المتوفى  694ھ) کی زير نظر كتاب اہم ہيں۔