اردو نعت کا ہیئتی مطالعہ

اردو نعت کا ہیئتی مطالعہ

اردو نعت کے موضوع پر متعدد محققین پی ایچ ڈی کی سطح کے مقالات تحریر کر چکے ہیں۔ اردو میں نعتیہ شاعری کے موضوع پر ڈاکٹر سید رفیع الدین اشفاق نے 1955 میں ناگپور یونیورسٹی انڈیا سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ ڈاکٹر ریاض مجید دوسرے محقق ہیں جنہوں نے اردو نعت پر ایسی ہی ڈگری حاصل کی، بعد میں مظفر عالم جاوید ، عاصی کرنالی اور محمد اسماعیل آزاد کے علاوہ بھی پاک و ہند کے کچھ زعما نے اردو نعت پر داد تحقیق دی۔ اتنے تحقیقی مقالات کے بعد اردو نعت کے موضوع پر ایک اور مقالے کی گنجائش بظاہر سوالیہ نشان ہے ، لیکن اگر غور کیا جائے تو یہ پہلو سامنے آئے گا کہ رفیع الدین اشفاق اور ریاض مجید کا موضوع اردو نعت گوئی تھا۔ شعرائے نعت کے موضوعات و اسالیب اور ان کی ادبی خدمات ان کی تحقیق کا تخصص تھا۔ ضمنا ممنوعات و مرغوبات نعت کا ذکر بھی ان کے ہاں ملتا ہے۔ اردو نعتوں کے ہیئت ی مطالعہ کا عہد با عہد جائزہ ان کے موضوع نہ تھا اور نہ ان سے اس کام کی توقع مناسب لگتی ہے۔ ڈاکٹر مظفر عالم جاوید کا دائرہ تحقیق میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے تخصیصا مولود نامہ تک محدود ہے۔ یہ نعت کے مضامین میں سے ایک اہم وقیع اور شاندار موضوع ہے ۔لیکن اس کا دائرہ اصل بھی ہیئتوں کے تفصیلی مطالعہ تک نہیں جاتا۔ ڈاکٹر آصف کرنالی کی تحقیق کا موضوع اردو حمد و نعت پر فارسی کی شعری روایت کے اثرات کی دریافت تھا، لیکن ہر ہیئت کا عہد با عہد جائزہ ان کا بھی موضوع تحقیق نہیں تھا، نیز نعت کے علاوہ چونکہ حمد بھی ان کے دائرہ تحقیق میں شامل تھی، لہذا ان کے موضوع کی الگ شناخت ظاہر ہے۔
اردو میں سیرت نبوی کا سرمایہ

اردو میں سیرت نبوی کا سرمایہ

سیرت رسول صلی اللہ علیہ وسلم دین اسلام کے حقیقی فہم کی بنیاد ہے ،جو امت مسلمہ کی فکری اور عملی اصلاح میں ایک بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔برصغیر پاک و ہند میں سیرت طیبہ کی بنیادوں پر اسلام کی ترویج و اشاعت میں صوفیائے کرام کا کردار نہایت اہم رہا ہے۔صوفیا نے اس خطے میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تحریری اور عملی ترویج کے ذریعے روحانی وہ اخلاقی اصلاح کے ساتھ ساتھ سماجی ہم آہنگی کو بھی فروغ دیا۔برصغیر میں صوفیانہ ادب میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی چھاپ بہت گہری ہے اور یہی وجہ ہے کہ اخلاقی اصلاح کے میدان میں اور غیر مسلموں کے قبول اسلام کے سلسلہ میں صوفیاء کی خدمات کو بے پناہ پذیر ائی حاصل ہوئی ہے۔اسی تناظر میں شعبہ سیرت سٹڈیز علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کر رہا ہے، جس کا موضوع"بر صغیر پاک و ہند میں صوفیا کی خدمات سیرت"ہے. اس موضوع سے متعلق سیرت النبی ﷺکے اہم محاور پر علمی گفتگو اور تحقیقات پیش کی جائیں گی۔ ماہرین اور محققین سیرت کو مقالات لکھنے کی دعوت دی جاتی ہے، تاکہ اس علمی ورثے کو اجاگر کیا جا سکے۔ یہ کانفرنس سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ترویج اور اسلامی تعلیمات کی فہم و اشاعت میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی اور امت مسلمہ کی فکری و عملی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔
مولد النبي ﷺ پر عربی کتب

مولد النبي ﷺ پر عربی کتب

مولد النبی ﷺ اسلامی تاریخ، سیرت نگاری اور دینی شعور کی اہم ترین روایات میں سے ہے۔ یہ وہ عظیم الشان موضوع ہے جس پر صدیوں سے عرب و عجم کے علماء نے اپنی محنتیں صرف کیں اور مختلف النوع کتب تصنیف کیں۔ عربی زبان میں مولد النبی ﷺ کے موضوع پر لکھی گئی کتب اپنی اصل ماخذی حیثیت، تاریخی گہرائی اور علمی جامعیت کے سبب غیر معمولی مقام رکھتی ہیں۔ یہ کتب نہ صرف حضور اکرم ﷺ کی ولادتِ باسعادت کے حالات و واقعات کو بیان کرتی ہیں بلکہ امتِ مسلمہ کی دینی، تہذیبی اور فکری تاریخ کا آئینہ بھی پیش کرتی ہیں۔علمی دنیا میں ببلوگرافی (Bibliography) اور جامع فہرستیں اس بات کو ممکن بناتی ہیں کہ محققین اور قارئین کسی موضوع پر لکھی جانے والی قدیم و جدید کتب تک منظم اور آسان رسائی حاصل کر سکیں۔ چنانچہ مولد النبی ﷺ پر عربی کتب کی یہ ببلوگرافی اور فہرست دراصل ایک ایسا علمی رہنما ہے جو اس موضوع کے سنجیدہ طالب علموں، محققین اور عام قارئین کے لیے یکساں طور پر مفید ہے۔ اس میں وہ تمام بنیادی اور ثانوی ماخذ یکجا کرنے کی کوشش کی گئی ہے جو صدیوں کے علمی سرمایے کا حصہ ہیں۔یہ فہرست محض ایک حوالہ جاتی کام نہیں بلکہ ایک فکری دستاویز بھی ہے، جو سیرت النبی ﷺ کے اس پہلو پر اسلامی تہذیب کی فکری اور روحانی جستجو کی جھلک دکھاتی ہے۔ امید ہے کہ یہ کوشش محققین کے لیے تحقیق و مطالعہ کی نئی راہیں کھولے گی اور قارئین کو مولد النبی ﷺ کی روایت سے قریب تر لے جائے گی۔
 برصغیر میں سیرت نگاری کے جدیدرجحانات کے اسباب و عوامل اور اثرات

 برصغیر میں سیرت نگاری کے جدیدرجحانات کے اسباب و عوامل اور اثرات

تاریخ سیرت کے مطالعہ میں ان محرکات و عوامل کا مطالعہ خصوصی اہمیت رکھتا ہے ، جن کی وجہ سے سیرت نگاری کے مختلف رحجانات جنم لیتے ہیں یا کسی خاص دور میں مقبولیت حاصل کر کے اس فن کی روایت کو کوئی خاص سمت عطا کرتے ہیں۔برصغیر میں سیرت نگاری کی تاریخ کی بہتر تفہیم کے لیے یہ ضروری اور مفید معلوم ہوتا ہے کہ خاص دور جدید کے تناظر میں دیکھا جائے کہ مختلف جدید رحجانات کے اسباب و محرکات کیا ہیں۔ یہ مطالعہ اس لحاظ سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے کہ بر صغیر پاک و ہند میں پچھلی دو صدیوں میں سیرت طیبہ کا وقیع ادب وجود میں آیا جو کیفیت و کمیت میں اس عرصہ میں عربی سمیت تمام زبانوں کے ادب سیرت پر فائق ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ علامہ شبلی نعمانی اور سید سلیمان ندوی کی سیرت النبی جیسی معیاری اور تحقیقی کتاب عربی میں نہیں لکھی گئی۔ اسی عرصہ کے دوران سیرت نگاری کے بعض نئے رجحانات سامنے آئے، جن میں سے بعض رجحانات مختلف عوامل کی وجہ سے سامنے آئے۔ اس مقالہ میں بر صغیر کے لحاظ سے خصوصی اسباب و عوامل کا تجزیاتی مطالعہ کیا جانا مقصود ہے۔ سیرت نگاری یا دیگر علوم میں کوئی بھی رجحان عموما جن صورتوں میں ظاہر ہوتا ہےان میں مواد کا انتخاب، مواد کے مآخذ، مواد کی پیشکش کا منہج و اسلوب ، شخصی و قومی اعتقادات و تصورات کی تصویر گری اورعلم کے ابلاغ میں زمانے کی مخصوص تکنیکی سہولیات سے استفادہ کے طریقوں کو شامل کیا جا سکتا ہے ۔ ذیل میں برصغیر کی اردو سیرت نگاری کے تناظر میں اس مسئلہ کا جائزہ لینے کی کوشش کی گئی ہے کہ سیرت نگاری کے متنوع جدید رجحانات کن اسباب و عوامل کے تابع جنم لے کر مقبول ہوئے ۔